شیلانگ؍ كوہیما،27؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی) میگھالیہ اور ناگالینڈ میں اسمبلی انتخابات کے لئے آج صبح سات بجے پولنگ پرامن طریقے سے آغاز ہو گیا۔ حالانکہ میگھالیہ کے ایسٹ گارو ہلز میں ولیم نگر سیٹ پر الیکشن نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے امیدوارجوناتھن سنگما کی موت کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔الیکشن کمیشن نے یہاں انتخابات کے لئے نئی تاریخ مقرر نہیں کی ہے۔ میگھالیہ میں انتخابات منصفانہ اور پرامن طریقے سے کرانے کے لئے 60 ا لیکشن مشہاہد تعینات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مرکزی مسلح پولیس فورس کی 106 کمپنیوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔بارڈر سیکورٹی فورس نے بھی بنگلہ دیش سے متصل بین الاقوامی سرحد پر گشت تیز کر دی ہے۔
سردی کی وجہ سے ووٹنگ کے آغاز میں ووٹروں کی تعداد کم نظر آ رہی ہے۔ ڈان باسکواسکوائر میں ایک پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹروں کو پرچياں بانٹ رہے ایک کانگریسی کارکن نے کہا’’دوپہر کے بعد ووٹ کرنے والوں کی تعداد بڑھے گی‘‘۔ میگھالیہ میں 340 پولنگ اسٹیشنوں كو انتہائی حساس اور 580 پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ بہت سے پولنگ مراکز پر کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ تمام پولنگ مراکز میں جسمانی طور پر معذور وں کی سہولت کے لئے خاص ریمپ بنایا گیا ہے۔ الیکشن حکام کے مطابق تمام پولنگ مراکز میں وي وي پیٹ کا استعمال کیا جارہاہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے میگھالیہ اور ناگالینڈ کے عوام سے آج ہو رہے اسمبلی انتخابات میں بھاری تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ مسٹر مودی نے ایک ٹویٹ میں کہا، “میں میگھالیہ اور ناگالینڈ کے عوام سے آج ہو رہے اسمبلی انتخابات میں بھاری تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتا ہوں.” غور طلب ہے کہ ساٹھ ساٹھ رکنی اسمبلی انتخابات کے لئے دونوں شمال مشرقی ریاستوں میں آج پولنگ ہو رہی ہے۔ووٹوں کی گنتی تین مارچ کو ہوگی۔